نئی دہلی، 12؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )ملک بھر کے پٹرول ڈیزل ڈیلروں نے 16؍جون کو کام کاج بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے پٹرولیم کمپنیوں کے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کے طورپر یہ قدم اٹھایا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ کمپنیاں ہر دن کے حساب سے پٹرول ڈیزل کی قیمتیں طے کریں گی۔فیڈریشن آف آل انڈیا پٹرولیم ٹریڈرس نے کہا ہے کہ کمپنیوں کا ایسا فیصلہ بے تکا ہے اور مخالفت کے اظہار کے لیے 16؍جون کو وہ نہ تو کمپنیوں سے پٹرول ،ڈیزل خریدیں گے اور نہ ہی صارفین کو پٹرول ڈیزل فروخت کریں گے ۔ان کا کہنا ہے کہ اگر کمپنیاں 16؍جون کے بعد بھی اپنے فیصلے پر قائم رہیں گی، تو وہ 24؍جون سے اپنا کام کاج مکمل طور پر ٹھپ کر دیں گے۔کرناٹک اور اتر پردیش کے پٹرولیم ڈیلر ایسوسی ایشن نے بھی فیڈریشن آف آل انڈیا پٹرولیم ٹریڈرس کی حمایت کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ہر دن پٹرول، ڈیزل کی قیمتو ں میں کمی اورزیادتی کرنے سے پہلے پٹرول پمپوں کا مکمل طور پر آٹومیشن کیا جانا چاہیے۔